لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلی پنجاب کے تقرر کے معاملے پر تحریک انصاف نے ایک اور یوٹرن لے لیا، اوریا مقبول جان کی جگہ ایاز میر کا نام تجویز کر دیا۔ فواد چوہدری نے ٹویٹ میں ایاز میر، حن عسکری اور یعقوب طاہر کے نام تجویز کئے جبکہ محمود الرشید نے اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر کے نام میڈیا کو دیئے تھے۔
نگران وزیر اعلی پنجاب کے تقرر کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی ملاقات ہوئی، جس میں نگران وزیر اعلی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز نے نگران وزیر اعلی، پارلیمانی کمیٹی اور دیگر امور پر آئینی پوزیشن سے آگاہ کیا۔
میاں محمود الرشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امید ہے معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں نہیں جائے گا، اتوار کو وزیر اعلی ہنجاب سے ملاقات ہو گی۔ انہوں نے کہا یعقوب اظہار اور اوریا مقبول جان کے نام دیئے ہیں، امید ہے ان ناموں پر اگلے ایک دو روز میں اتفاق رائے پیدا ہوجائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے کا مجھے کوئی شوق نہیں، وزیراعلیٰ کی آئینی ذمہ داری ہے وہ میرے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں۔
دوسری جانب اوریا مقبول جان کا کہنا ہے پی ٹی آئی کی جانب سے نگران وزیراعلی کے لئے رابطہ کیا گیا، مجھے کہا گیا کہ ہم آپکا نام نگران وزیراعلی کے لئے دے رہے ہیں۔