عوام نواز شریف کیخلاف ناانصافی ووٹ سے ختم کرینگے: مریم نواز

Last Updated On 01 June,2018 08:29 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک کے بعد ایک سازشیں ہوئیں لیکن کوئی وزیراعظم کو نہیں نکال سکا اور پہلی بار ڈٹ گیا کہ استعفیٰ نہیں دوں گا۔

ڈجکوٹ میں جلسے سے خطاب مرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انسان جو سازشیں کرتا ہے وہ کامیاب نہیں ہوتیں۔ نواز شریف کو اقامہ پر نکال دیا تو ظالموں کو پھر بھی چین نہیں آیا۔ ان پر غداری کے مقدمے لگائے گئے تو کبھی مذہب کے حوالے سے فتوے لگوائے گئے۔ جب نوازشریف پر غداری کے فتوے لگا رہے تھے، اس ہی دوران اسد درانی کی کتاب آ گئی۔ اب نیشنل سیکیورٹی کی میٹنگ کیوں نہیں بلائی جاتی؟ اب مشترکہ اعلامیہ کیوں نہیں آتا؟

جانتی ہوں کہ وزیرِاعظم کو کتنی بار دباؤ کا سامنا رہا کہ استعفیٰ دو اور گھر چلے جاؤ۔ ایک کے بعد دوسری سازش ہوئی لیکن کوئی وزیراعظم کو نہیں نکال سکا۔ پہلی بار وزیرِاعظم ڈٹ گیا کہ استعفیٰ نہیں دوں گا۔


کبھی لاک ڈاؤن تو کبھی ڈان لیکس کی گئی، کبھی دھاندلی کا بہانہ بنا کر کنٹینر لگا کر سازش کی گئی لیکن نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کی قربانی دے دی لیکن ووٹ کی حرمت کو گرنے نہیں دیا۔

اس ناانصافی کے فیصلے کو عوام ووٹ کی طاقت سے ختم کر دیں گے۔ عوام 25 جولائی کو گھروں سے آندھی اور طوفان کی طرح نکلیں اور جمہوریت پر وار کرنے والوں کا راستہ روکیں۔