راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جن الزامات پر نااہل قرار دیا گیا، ایسے الزامات پر خواجہ آصف کو اہل قرار دیدیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کا اثر سابق وزیرِاعظم کے فیصلہ پر بھی ہو گا۔
راولپنڈی میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجا ظفرالحق نے کہا کہ ملک میں مختلف سروے ہوئے تو نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ نواز شریف نے حق اور عوامی موقف کا راستہ اپنایا ہے۔
راجا ظفر الحق نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو جن الزامات پر نااہل قرار دیا گیا، ایسے الزامات پر خواجہ آصف کو اہل قرار دیدیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کا اثر ان کے فیصلہ پر بھی ہو گا۔
اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف جدید ترین ہتھکنڈا استعمال ہوا۔ چند اینکرز ہمیں روز گرا کر سوتے ہیں۔ میاں صاحب کے بیان کو تروڑ مروڑ کر الزامات لگائے گئے، گڑھے کھودنے کے باوجود ن لیگ آگے بڑھ رہی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ اگر عوام ایمپائر کی انگلی، جمہوریت کے خلاف کارروائی اور انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ خیر پختونخوا اور پنجاب کے نگران وزیراعلی نہیں لگانا چاہتے۔
چودھری تنویر نے کہا کہ ہم نظریاتی لوگ ہیں اور اپنے قائد نواز شریف سے محبت کرتے ہیں۔ نواز شریف کو اب چوتھی بار بھی وزیرِاعظم بنائے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ ووٹ کے ساتھ اب ہم ورکر کو بھی عزت دیں گے۔