اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں، یہ بڑا الیکشن ہے لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت پہنچنے پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پوچھا کہ کیا الیکشن ملتوی ہو رہے ہیں اور خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں، ہر الیکشن میں اس طرح کے لوگ جاتے ہیں، یہ بڑا الیکشن ہے لوگ اس کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
واجد ضیاء کے ریکارڈ پر رد عمل پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ دیکھیں صندوق بھی آ گئے ہیں، خوش نظر آنے کے سوال پر نواز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، زندگی اتار چڑھاؤ کا ہی نام ہے، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہیے، جس کا تکیہ اللہ پر ہو اسے اللہ خوش رکھتا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا اس بار ن لیگ کو الیکشن کے لیے درخواستیں موصول نہیں ہو رہہیں، سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کیا سوال کر رہے ہیں، جبکہ اس سوال پر کہ چوہدری نثار اب شہباز شریف کے بیان پر بھی ردعمل دے رہے ہیں آپ کیا کہیں گے، سابق وزیر اعظم خاموش رہے اور کہا کہ لگتا ہے جج صاحب آنے لگے ہیں اب آپ لوگ ان کی طرف متوجہ ہو جائیں۔