اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی براہ راست دیکھی جاسکے گی، پارلیمنٹ چینل منتخب نمائندوں اور عوام کا آپس میں گہرا رابطہ جوڑے گا، قائمہ کمیٹیاں اداروں کو مستحکم کرتی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا مسلم لیگ (ن ) کی قیادت اور سپیکر ایاز صادق نے مجھے کام کرنے کے بہت سے مواقع فراہم کیے ، جو اراکین پہلی مرتبہ پارلیمنٹیرین بنتے ہیں انھیں اتنے مواقع نہیں ملتے، قائمہ کمیٹی کی نگرانی کے عمل سے عوام پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل سے آگاہ ہوسکے گی۔ وہ بدھ کو پی ٹی وی سینٹر میں پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
افتتاحی تقریب میں سپیکر ایاز صادق ، قائمہ کمیٹی اطلاعا ت و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید، سیکرٹری اطلاعات ونشریات و ایم ڈی پی ٹی وی سردار احمد نواز سکھیرا نے بٹن دبا کر پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عوام کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے پی ٹی وی کی پوری ٹیم کی مشکور ہوں جس نے یہ کام مکمل کیا، سینیٹ اور قومی اسمبلی نے بھی اس حوالے سے بھر پور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ چینل پہلے مرحلے کے ساتھ شروع ہورہا ہے ،وقت کے ساتھ ساتھ یہ مکمل پارلیمنٹ چینل بن جائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا آئندہ آنے والی اسمبلی کا بھی اس چینل کے حوالے سے کردار ہوگا، پی ٹی آئی نے نگران وزیرا علٰی کا نام دینے کے بعد پھر واپس لے لیا، پی ٹی آئی جھوٹ میں سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر یوٹرن لینا ہے، یہ الزامات اور انتشار کی ماہر جماعت بن چکی ہے، حکومتیں چلانا ،عوام کی نمائندگی کرنا مذاق یا گڈی ،گڈے کا کھیل نہیں، گزشتہ پانچ سال کے دوران بھی اسی طرح کے یوٹرن لئے گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پہلی قومی ثقافت و فلم پالیسی کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں فلمی صنعت کی بحالی، قومی ثقافت کے تحفظ اور فروغ کیلئے ٹھوس بنیاد رکھ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا جمہوریت کا 10سالہ تسلسل اہم سنگ میل ہے ، آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی پر ووٹ لیکر مسلم لیگ (ن) دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ وزیر اطلاعات نے قومی اخبارات کے مدیران، سینئر صحافیوں اور وزارت اطلاعات و نشریات کے بیٹ رپور ٹرزکے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں افطار پارٹی بھی دی۔