لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعلی پنجاب کے تقرر کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے سابق نیول چیف ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائر علی جبکہ تحریکِ انصاف نے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام سپیکر کو تحریری بھجوا دیئے۔
پنجاب میں نگران وزیرِاعلی کے تقرر کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے نوٹیفیشکن جاری کر دیا گیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثنا اللہ، ملک احمد خان اور خواجہ عمران نذیر جبکہ تحریکِ انصاف کی جانب سے میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی ممبر ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی 6 جون تک نگران وزیرِاعلی کے لئے اتفاق رائے کی کوشش کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیرِاعلی کے لئے سابق نیول چیف ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی جبکہ تحریکِ انصاف نے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام سپیکر کو تحریری طور پر ارسال کئے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی باضابطہ چھ جون کو ساڑھے بارہ کمیٹی روم اے میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ناکامی پر چھ جون کو ہی معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن اٹھ جون تک نگران وزیرِاعلی کا حتمی فیصلہ کر کے اعلان کر دے گا۔