اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 25 جولائی کے انتخابات کے بارے میں بین الاقوامی میڈیا قبل از وقت انتخابات دھاندلی کی رپورٹس دے رہا ہے۔ یہ میڈیا انتخابات کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔
اسلام آباد میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے فاٹا یوتھ جرگہ کے ارکان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام آئینِ پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے۔ اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آ جائے گا۔ کوشش ہے کہ فاٹا میں بھی 25 جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے ممبرانِ صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا میں پیکج پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ آپ ووٹ سے محروم رہے ہیں اور ووٹ کی عزت اور اہمیت سے واقف ہیں۔ یقین ہے کہ آپ حالیہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین جیسا کردار بھی ادا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کی وجہ سے آج خطے کے کئی ملک پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ ہم سے الگ ہونے والا بنگلا دیش آج معیشت، تعلیم اور صنعت سمیت ہر شعبہ میں ہم سے آگے ہے۔ آج پاکستان کے مفادات اور آئین کی بالادستی کیلئے بے شمار مشکلات برداشت کر رہا ہوں۔ نوجوان آئین کی بالادستی کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیں۔