اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اصغر خان کیس کے متعلق کابینہ کے فیصلے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت نے نواز شریف اور جاوید ہاشمی سمیت پیسے وصول کرنے والے 21 سویلین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کابینہ کے فیصلے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ کابینہ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے اور ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پیسے وصول کرنے والوں سے رقم کی واپسی کا کیا طریقہ کار بنایا گیا ہے۔ اٹارنی جنرل کی درخواست پر کابینہ کے اجلاس کی رپورٹ عدالتی عملے کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ چیف جسٹس نے پیسے وصول کرنے والے نواز شریف اور جاوید ہاشمی سمیت 21 سویلین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ آرمی افسران سمیت ڈی جی نیب اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں۔