اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے نواز شریف فیملی کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس کا پہلے فیصلہ دینے کا اشارہ دیدیا۔ سابق وزیرِاعظم کے وکیل نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جرح کے دوران بتایا کہ کیش رقم وصولی کے دعوے کی تصدیق کیلئے عبداللہ اہلی کو شامل تفتیش نہیں کیا۔ سکریپ مشینری شارجہ سے جدہ لے جانے کی دبئی حکام نے تصدیق نہیں کی۔ خواجہ حارث نے کہا کہ سکریپ شارجہ سے جدہ گیا تو دبئی حکام کیسے تصدیق کرتے۔
جج محمد بشیر نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت گیارہ جون تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ منگل سے لندن فلیٹس ریفرنس کو مکمل کر لیتے ہیں۔ اس پر نواز شریف کے وکیل کا کہنا تھا ایک ریفرنس کا فیصلہ کرنا ہے تو دیگر دو کیس مختلف عدالت میں بھیج دیں۔ ایسے کسی بھی اقدام کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں منگل سے حتمی دلائل شروع ہوں گے۔