اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید احمد نے سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی معاہدے پر مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ چالیس سال تک ملک کو لوٹنے والے کہہ رہے ہیں کہ ہم لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار نہیں ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے این اے 60 میں الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلم اور دوات مل کر تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔ فوج اور عدلیہ مل کر الیکشن کروائیں گے تو شفاف انتخابات ہوں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کے جو یہ تصور کر رہے ہیں کے ان کے جیل جانے سے طوفان برپا ہو گا وہ جیل جا کر تو دیکھیں، انہیں سب معلوم ہو جائے گا۔ اگر (ن) لیگ لاہور سے کسی امیدوار کو میرے مقابلے میں لانا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کے آج کرپشن کی وجہ سے ملک کو فنانشل ایمرجنسی کا خطرہ ہے۔ چیف جسٹس نے میرے حلقے میں ہسپتال اور ایکسپریس وے کہ تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لے لیا ہے۔