ملتان: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کبھی سوچا نہیں تھا کی نواز شریف اقتدار کی بھوک میں ملک کو داؤ پر لگا دینگے، انہوں نے پاکستان کو ٹیررسٹ واچ لسٹ میں ڈالنے کی بنیاد رکھی ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آنے والے وقتوں میں اس گروپ کا ساتھ دیا ہے جو انڈیا اور اسرائیل سمیت ان کے ساتھی بنے ہیں اور وہ ملک کو اندر سے توڑنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ملک کو دیوالیہ، افواج پاکستان کو نقصان پہنچانے اور عدلیہ کو بدنام کرنے کا ایجنڈا ہے لیکن فوج اور عدلیہ کمیٹڈ ہے۔ آئندہ ایک سو بیس دن ملک کے لئے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اعتراف کرنا چاہیے کہ جو باتیں وہ بند کمروں میں بیٹھ کر کرتے ہیں وہی باہر آ کر بھی کریں۔ میں چیف جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کرتا ہوں کہ چائنہ کوریڈور میں ہونے والی کرپشن کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ جب تک کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں ہو گا، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔