قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے انتظامی اور قانونی اقدامات کا جائزہ، ادارے کو پاکستانی اقدامات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعظم ناصر الملک کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال اور فنانشل ٹاسک فورس کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیرِاعظم ناصر الملک کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، خارجہ، داخلہ، خزانہ اور اطلاعات کے وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دی۔
وزیرِ خزانہ شمشاد اختر نے شرکا کو بتایا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط پوری کرنے کیلئے انتظامی اور قانونی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پاکستان کے اقدامات سے ایف اے ٹی ایف سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔ سلامتی کمیٹی نے عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے سے متعلق پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف اور دیگر عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ وزیرِاعظم ناصر الملک نے امریکی نائب صدر کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو پر شرکا کو اعتماد میں لیا۔