اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیدواروں کی سکرونٹی کا عمل آج سے پھر جاری ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض پر سماعت آج ہوگی، این اے 53 اسلام آباد کے ریٹرننگ افسر عدنان خان اعتراضات پر سماعت کریں گے۔
عمران خان آج ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے دفاع کیلئے بابراعوان پیش ہوں گے۔
یاد رہے این اے 53 سے مخالف امیدوار پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالوہاب بلوچ نے اعتراض دائر کیا۔ عبدالوہاب بلوچ نے اپنے اعتراض میں کہا کہ سیتاوائٹ کو پاکستان میں قبول نہیں کیا، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے۔
کراچی کے حلقے این اے 243 سے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کئے گئے، ان کیخلاف درخواست عبدالوہاب بلوچ نے ہی دائر کی۔عمران خان کے خلاف ریٹرننگ افسرکے پاس درخواست سیتاوائٹ سے متعلق دائر کی گئی ہے ، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان سیتا وائٹ سے اپنی بیٹی کوتسلیم نہیں کرتے، لہذا ان پر الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کی جائے۔