محکمہ پولیس میں آج بڑے پیمانے پر تبادلوں کا امکان

Last Updated On 19 June,2018 10:05 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر وتبادلے آج کئے جانے کا امکان ہے، آئی جی پنجاب کلیم امام نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد عید سے ایک روز پہلے لاہور سمیت صوبے بھر کے اہم اضلاع میں تعینات افسروں کے تقرر وتبادلوں کی فہرست تیار کی۔

آئی جی پنجاب کلیم امام نے پہلے روز دفتری اوقات میں سب سے پہلے ڈی آئی جی ٹریفک فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی بی اے ناصر اور شہزادہ سلطان کے ساتھ تقرر وتبادلوں کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق تینوں افسر نگران دور میں تعیناتیوں کے حوالے سے دیگر افسروں سے بات چیت بھی کرتے رہے اور من پسند اضلاع میں تعینات ہونے پر افسروں کو رضا مند بھی کرتے رہے۔

ذرائع نے اس بارے میں بھی انکشاف کیا ہے کہ محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر عید سے قبل تبادلے کئے جانے تھے لیکن سکیورٹی خدشات کے پیش نظر روک دیئے گئے اور عید کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی فوری تبادلے کئے جانے کا امکان ہے۔ نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید کی صدارت میں ہونیوالے آج کے اجلاس میں تبادلوں کے حوالے سے اہم فیصلے ہونگے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ آئی جی پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے افسروں میں سے کچھ کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

ایسے ایس ایچ او جو سب انسپکٹر ہیں اور کافی عرصے سے لاہور کے مختلف تھانوں میں تعینات ہیں کو کلوز لائن کرنے کی بھی تجویز ہے۔