اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر کی خلاف قانون تعیناتی پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لے کر ڈاکٹر نیاز احمد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس نے چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کیے گئے خط میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نیاز احمد ایک سیاسی جماعت سے وابستگی کی پوری تاریخ رکھتے ہیں، انتخابی شیڈول کے بعد حکومتیں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر بغیر اجازت تعیناتیوں کی مجاز نہیں۔
ڈاکٹر نیاز کو 2 جون 2018 کو جامعہ پنجاب کی سربراہی پر تعینات کیا گیا، ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 31 مئی 2018 کو انتخابی شیڈول جاری کیا، الیکشن ایکٹ 2017 سے صریحاً انحراف کا فوری نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن ڈاکٹر نیاز کی تعیناتی فوری طور پر معطل کرے۔