نوازشریف کے خلاف خوشحال پاکستان سکیم انکوائری بند

Last Updated On 20 June,2018 11:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نوازشریف کے خلاف خوشحال پاکستان سکیم انکوائری بند، چودھری برادران کے خلاف بھی تحقیقات بند کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور امیر مقام کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا گیا۔

اسلام آباد میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو بڑا ریلیف مل گیا۔ نیب نے خوشحال پاکستان سکیم انکوائری بند کردی۔ نیب نے چودھری برادران کے خلاف بھی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مسلم لیگ ن کے رہنماء امیر مقام کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق نواز شریف کے خالف انکوائری ثبوت نہ ملنے کی بنیاد پر بند کی گئی ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی کیخلاف بھی تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی ہے۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق ممبر کے پی کے اسمبلی ملک قاسم کیخلاف کرپشن کےالزامات کی انکوائری ہو گی۔ سابق وزیر خوراک بلوچستان اظہار کھوسہ اور دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا، سابق صوبائی وزیر بلوچستان نواب محمد خان شہوانی کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ سابق وزیرقانون سندھ ضیاءالحسن لانجار کےخلاف بھی انوسٹی گیشن کی جائے گئی۔

چیئرمین نیب نے یہ بھی کہا ہے کہ اشتہاریوں کی گرفتاری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، مفرور ملزمان کو جلد پکڑا جائے گا۔