اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان بھی کروڑوں روپے کے اثاثوں کے مالک، 300 کنال پر محیط بنی گالہ رہائشگاہ کی مالیت صرف 1 کروڑ 14 لاکھ، میاں چنوں میں سینکڑوں کنال آبائی اراضی لیکن بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔
غریب عوام کے امیر لیڈر سیاستدانوں کے اثاثے عوام کے ہوش اڑانے لگے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی کروڑ پتی نکلے۔ عالیشان گھر، پلاٹ، سینکڑوں کنال اراضی اور فارن کرنسی اکاؤنٹس، کپتان کے پاس بھی سب کچھ ہے۔
الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی کیساتھ اثاثوں کی جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق عمران خان کے پاس 3 لاکھ 81 ہزار ڈالرز، 7 ہزار پاؤنڈز جبکہ 2 کروڑ 93 لاکھ روپے موجود ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی بنی گالہ اسلام آباد میں 300 کنال پر مشتمل رہائش گاہ ہے، جس کی مالیت 1 کروڑ 14 لاکھ 71 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔ کپتان زمان پارک لاہور میں بھی 7 کنال 8 مرحلے آبائی پلاٹ کے مالک ہیں۔
اس کے علاوہ عمران خان کی اسلام آباد موہڑہ نور میں 6 کنال 16 مرلے اراضی ہے، جس کی مالیت 5 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ عمران خان نے گرینڈ حیات ٹاور میں اپارٹمنٹ کے لیے1 کروڑ 19 لاکھ روپے بھی پیشگی ادائیگی کی۔ عمران خان کے پاس 5 لاکھ کا فرنیچر اور 2 لاکھ روپے کے مویشی بھی ہیں۔
چئیرمین تحریک انصاف کی بھکر اور میاں چنوں میں بھی سینکڑوں کنال آبائی اور رزعی اراضی ہے۔ عمران خان کو گزشتہ تین سال میں 5 کروڑ 34 لاکھ روپے آمدن ہوئی جبکہ انہوں نے 12 لاکھ 65 ہزار روپے زرعی اور 3 لاکھ 39 ہزار انکم ٹیکس ادا کیا۔