اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 53 اسلام آباد سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، عائشہ گلا لئی اور مہتاب عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے کہا چاروں امیدواروں کا بیان حلفی نامکمل ہے۔
این اے 53 سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت ہوئی۔ بابر اعوان نے اپنے دلائل میں کہا 3 نام نہاد الزامات لگائے گئے جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، یہ اعتراضات نہیں الزامات ہیں، اعتراضات کی تیسری بنیاد ٹویٹ کو بنایا گیا، ہم نے تحریری جواب میں اعتراضات کو 7 بار مسترد کر دیا۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا پاکستان میں سائبر کرائم قانون موجود ہے، جو فوٹو کاپیاں لگائی گئیں وہ سائبر کرائم کے زمرے میں آتی ہیں، ماں نے اور نہ ہی بیٹی نے پاکستان آکر دعویٰ دائر کیا۔
وکیل عبدالوہاب نے دلائل دیتے ہوئے کہا عدالت میں کہا گیا یہ کوئی اور عمران خان ہے، ہم نے دستاویزات دی ہیں جس میں عمران خان سابق کرکٹ ٹیم کپتان لکھا ہے، ہم نے کسی پر ذاتی الزام نہیں لگائے، عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں، عمران خان کے پوری دنیا میں اسکینڈل ہیں، پی ٹی آئی نے ہر سیاستدان کی پگڑی اچھالی۔ بابر اعوان نے کہا آج کل کوئی بھی مشہور شخصیت کا جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنا کر ٹویٹ کرتا ہے، ثبوت کے طور پر پیش کاغذات تصدیق شدہ نہیں، یہ اخبار کے تراشے فوٹو اسٹیٹ کاپیاں ہیں، ان اخباروں کے تراشے کو کوئی نہیں جانتا، قانون شہادت میں بیرون ملک سے دستاویزات منگوانے، بھیجنے کا طریقہ کار ہے۔
دوسری جانب این اے 131 لاہور سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے، این اے 131 کے آر او اختر حسین بھنگو نے محفوظ فیصلہ سنایا۔