اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض کھلاڑیوں کا بنی گالہ میں کپتان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے گیٹ پر چڑھنے کی کوشش کی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی، احتجاج کے پیش نظر عمران خان نے ٹکٹوں کے اجرا پر نظر ثانی پر آمادگی بھی ظاہر کر دی۔ انتظامیہ نے سیکیورٹی کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔
ٹکٹوں کی تقسیم پی ٹی آئی کیلئے امتحان بن گئی۔ مختلف شہروں سے کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ پہنچی، نعرے لگاتے، شور مچاتے مظاہرین مطالبات دہراتے رہے۔ ملتان، شیخوپورہ، دیر بالا، سوات اور گجرات سے آئے کھلاڑیوں نے احتجاج کیا۔ گیٹ کے پیچھے سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی۔
اس سے پہلے بھی کپتان بار بار مظاہرین کومنانے آئے مگر ناکام رہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر ثانی کا اعلان بھی احتجاجی کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈ نہ کر سکی اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ جہانگیر ترین کے آنے پر مظاہرین نے گھیراؤ کر لیا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے کپتان کو خود خطاب کرنا پڑا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے باقی حلقوں کیلئے اُمیدواروں کا اعلان 72 گھنٹے کیلئے مؤخر کر دیا، پارلیمانی بورڈ کے ارکان کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ نئے امیدواروں کا اعلان 3 روز بعد کرے گا، پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے آج صرف نظرثانی درخواستوں کا جائزہ لیا، متنازعہ حلقوں میں امیدواروں کی اسکروٹنی مزید 3 روز جاری رہنے کا امکان ہے۔