لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے

Last Updated On 23 June,2018 02:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، ٹھنڈی ہواؤں نے موسم اور خوشگوار بنا دیا، بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

لاہور میں بادلوں نے ڈیرے جمالئے، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سہانا ہوگیا۔ باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔ گرمی اڑن چھو ہونے سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اُٹھے۔ آج دن بھر بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

قصور، فیصل آباد، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل خوب برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ آج وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔