لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے نواز شریف اور مریم نواز کی لندن میں مزید جائیداد نکل آئی ہیں، وہ جواب دیں، اسحاق ڈار کو فرار کرانے پر شاہد خاقان کے خلاف مقدمہ بنایا جائے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایڈن ہاؤسنگ سکینڈل میں افتخار چودھری، ارسلان اور انکی بیٹی ملوث ہیں، مگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، نیب فوری طور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا احتساب کےعمل کی شفافیت کیلئے سب کا احتساب ضروری ہے، افتخار چودھری نے شہباز شریف کے ساتھ مل کر اربوں روپے کا گھپلا کیا، تحریک انصاف متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ نواز شریف کی نئی پراپرٹیز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے، نواز شریف اور ان کا خاندان کرپشن کی ایک بہت بڑی داستان ہیں، اینٹ اٹھاؤ تو نواز شریف کی جائیداد نکل آتی ہے۔ انہوں ن ے کہا نواز شریف کی یو کے، یو اے ای، سعودی عرب میں جائیداد ہے، محترمہ کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔