ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ٹکٹیں نہ ملنے پر شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دینے والی خواتین کا دوسرے گروپ سے جھگڑا ہو گیا، ڈنڈے، گھونسے چل گئے، ایک خاتون بے ہوش، ایک زخمی ہو گئی۔
پی ٹی آئی میں بڑوں کی سرد جنگ کا اثر خواتین کارکنوں تک پہنچ گیا۔ ملتان میں ٹکٹوں کی تقسیم میں نظر انداز کرنے پر شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر خواتین کھلاڑیوں کا پارہ ہائی، شاہ محمود اور ترین گروپ گتھم گتھا ہو گیا۔ ڈنڈوں اور تھپڑوں کی بارش سے ایک کھلاڑی بے ہوش جبکہ دوسری زخمی ہو گئی۔
جہانگیر ترین گروپ کی خواتین نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر دھرنا دے رکھا تھا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مخالف گروپ نے زبردستی دھرنا ختم کرانا چاہا ، جس پر لڑائی ہو گئی۔
ٹکٹوں کی لڑائی خواتین کی جان کو بن آئی، اطلاع پر پولیس کی نفری بھی پہنچ گئی، دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمے کی درخواست دے دی ہے۔