لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے ناراض رہنماء ولید اقبال کی پریس کانفرنس، ٹکٹوں کی تقسیم میں بے حد ناانصافی ہوئی ہے۔ ہمارے کارکنوں کا استحصال ہوا، جن کارکنوں نے مشکلات کا سامنا کیا وہ نظرانداز ہوئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ولید اقبال نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا پریس کانفرنس کرنے کا ارادہ نہیں تھا، مجھ پر بہت زیادہ دباؤ تھا۔ کل عمران خان نے مظاہرین سے کہا اگر کارکنوں کیساتھ ناانصافی ہوئی تو آواز بلند کرنا حق ہے۔ ہم بھی یہاں انصاف کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، یہ میری ذات کا مسئلہ نہیں ہے۔
ولید اقبال نے کہا کہ میرا ذاتی کیس ہوتا تو میں بند کمرے میں مسئلہ حل کر سکتا تھا، مسئلہ میری ٹیم کا ہے. جنہوں نے میرا مسلسل ساتھ دیا ہے، تین ہفتوں سے ساتھیوں کے طعنےسن رہا تھا کہ تم خاموش کیوں ہو؟ میں نے اپنے ساتھیوں کو تلقین کی کہ سب کام صبر سے کرنا ہے۔ ہر کام کا ایک وقت مقررہ ہے، ہماری پارٹی کے اندر ایک سسٹم ہے۔ عمران خان کو چاہئے کہ ہماری مشکلات کو دیکھیں، میرے تمام ساتھیوں نے اعتراضات دلائل کے ساتھ پیش کیے ہیں۔ ایسے ایسے لوگوں کے ٹکٹوں کے حوالے سے نام آرہے ہیں جن کا کوئی نام نہیں جانتا۔ لاہورمیں ٹکٹوں کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ سے بہت غلطی ہوئی ہیں۔لاہورکے کارکنوں میں پہلی فہرست جاری ہونے پربہت بے چینی پائی جارہی ہے۔ چیئرمین صاحب تمام فیصلے چھان بین کے بعد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین نے پروگرام میں کہا کہ خواتین کیساتھ ٹکٹ کے معاملے پر ناانصافی ہوئی، اس لیے میں اب خاموش نہیں رہ سکتا۔ لاہور کی ٹکٹوں کی تقسیم میں بے حد ناانصافی ہوئی، ہمارے کارکنوں کا استحصال ہوا ہے، جن کارکنوں نے مشکلات کا سامنا کیا وہ نظرانداز ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں چیئرمین عمران خان کی مشکل کو سمجھتا ہوں، عمران نے کہا ساڑھے چار ہزار ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ ولید اقبال نے واضح کیا کہ میری یہ پریس کانفرنس زعیم قادری اور چودھری نثار والی پریس کانفرنس نہیں ہے۔