مری: (دنیا نیوز) سیاحوں کے بعد انتظامیہ بھی مری والوں کے تشدد کا شکار، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر مری میں حملہ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی سمیت تمام ٹیموں کو ہوٹل کے اندر یرغمال بنایا گیا۔
مری میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں چیکنگ کرنے والی ٹیم پر حملہ کیا گیا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل مال روڈ پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کر رہے تھے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق راجہ اشفاق سرور کے ملکیتی ہوٹل کو انتہائی غلیظ حالات پر سیل کیا جا نا تھا کہ دھاوا بول دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سمیت تمام ٹیموں کو ہوٹل کے اندر یرغمال بنایا گیا، یرغمال بنانے کے بعد فوڈ اتھارٹی ٹیم کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی گئی۔ مقامی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا لیکن حکام نے کئی گھنٹے نوٹس لینا ہی گوارہ نہ کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مال روڈ پرکئی دیگر فوڈ پوائنٹس کو بھی چیک کیا، ناقص اور غیر معیاری اشیا رکھنے والوں کو جرمانہ بھی کیا، کئی ریسٹورینٹس سیل بھی کردیے گئے۔