لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر احتساب عدالت فیصلہ سنانے کی تاریخ بڑھا دے تو نواز شریف پیش ہو سکتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان کی تاحیات نااہلی کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چاہے حق میں فیصلہ آئے یا میرے خلاف، عدالتی فیصلے کا احترام کروں گا۔
سابق وزیرِاعظم نوازشریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی علالت کے باعث نواز شریف بیرونِ ملک ہیں، احتساب عدالت جمعے کے بجائے فیصلے کی تاریخ بڑھا دے تو وہ پیش ہو سکتے ہیں۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان کی تاحیات نااہلی کے خلاف کیس میں ریٹرننگ آفیسر کو ریکارڈ سمیت کل طلب کر لیا ہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق وزیرِاعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالتوں کی ہرزہ سرائی سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا، حکومت ہمیشہ کسی کی نہیں رہتی، کیا سیاستدان اس پر یقین نہیں رکھتے؟