کلر سیداں: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مشرف نے ن لیگ توڑنے کے لیے نیب کو بنایا۔ قمرالاسلام کی گرفتاری الیکشن کو متنازع بنا رہی ہے، چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ الیکشن شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
این اے 59 میں چوک پنڈوری کے مقام پر گرفتار لیگی امیدوار قمرالاسلام کے بیٹے سالار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کبھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا، کبھی دھرنے ہوئے لیکن ن لیگی حکومت نے کام کیا۔ آج نئے پاکستان کے لیے پرانے چہرے سامنے لائے گئے۔ یہ ضمیر بیچنے والے نیا پاکستان دے سکتے ہیں۔ بینظیر کی ہمدردی میں زرداری کو ووٹ ملا لیکن زرداری نے سب تباہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عوامی الیکشن ہے، پچیس جولائی کو ہماری فتح ہو گی۔ ملک اور الیکشن عمل کی بدنصیبی ہے کہ قمرالاسلام راجہ کو جس دن ٹکٹ ملا دوسرے دن گرفتار کر لیا گیا۔ اگر نیب کو اتنی جلدی تھی تو گرفتاری بعد از الیکشن بھی ہو سکتی تھی۔ قمرالاسلام کی گرفتاری الیکشن کو متنازع بنا رہی ہے
ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں الیکشن متنازع ہوں، وہاں ترقی نہیں ہوتی۔ آنے والی حکومت بھی متنازع ہو گی اور اس کی کوئی طاقت نہیں ہو گی۔ ہمیں حکومت نہیں جمہوریت کو ضرورت ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کو فون آتے ہیں، لوگ بلاتے ہیں کہ الیکشن مت لڑو یا جیپ پر چلے جاؤ۔ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ الیکشن شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔