لندن: (دنیا نیوز) فواد حسن فواد کی گرفتاری پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ردعمل آ گیا۔ ان کا کہنا تھا فواد حسن فواد کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے۔
ہارلے کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ میں نے فواد حسن فواد کی گرفتاری کی خبر سنی ہے اور یہ افسوسناک خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے فیصلہ موخر کرنے کے حوالے سے دی جانے والی درخواست پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ درخواست فارورڈ کر دی گئی ہے اور جج صاحب نے کہا ہے کہ اس درخواست کے لئے یہ متعلقہ عدالت نہیں ہے۔ ہارلے کلینک کے باہر پاکستان مسلم لیگ نواز کے مقامی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مئیر آف اسلام آباد شیخ عنصر عزیز، اشتیاق لون اور دیگر بھی موجود تھے۔
یاد رہے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں نیب نے فواد حسن فواد کوآج گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف آرڈیننس 1999 کے تحت کارروائی کی گئی، کرپشن کے الزامات پر فواد حسن فواد کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان نے ان کے خلاف بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ فواد حسن فواد کو فروری اور اپریل میں بھی طلب کیا گیا تھا، انہوں نے سوالنامہ حاصل کیا لیکن نیب کو جواب نہیں بھجوائے، نیب نے فواد حسن فواد کے اثاثوں سے متعلق ریکارڈ ایف بی آر سے حاصل کیا۔
ذرائع کے مطابق، فواد حسن فواد نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے افسران پر غیر قانونی کام، کمپنی کے سی ای او پر ایم ایس لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ ختم کرنے اور دوسری کمپنی کو ٹھیکہ دینے کیلئے دباؤ ڈالا، فواد حسن فواد نے غیر قانونی اثاثوں سے راولپنڈی میں پلازہ بھی بنایا، ڈائریکٹر آشیانہ اسکیم کو ایم ایس لطیف اینڈ سنز سے ٹھیکہ ختم کرنے پر مجبور کیا، فواد حسن فواد بینک میں غیر قانونی طور پر نوکری کر رہے تھے۔ وہ نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔