لاہور: (دنیا نیوز) گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی، ڈسکہ میں طوفانی بارش سے سڑکیں ڈوب گئیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہور میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
مون سون ہواؤں نے موسم کا اندازبدل دیا۔ بارش سے ڈسکہ میں بینک روڈ، سمبڑیال روڈ اور صوبیدار بازار میں ایک فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ بارش کا پانی جی پی او کی عمارت سمیت گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، جس سے معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے۔
نارروال میں بھی آج ابر کرم کھل کر برسا، صبح سے ہونے والی موسلا دھار بار ش سے سڑکیں، گلیاں اور بازار پانی سے بھر گئے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج کشمیر، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل سے اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔