اٹک میں لیگی امیدوار شیخ آفتاب احمد اور بیٹے کی گاڑیوں پر فائرنگ

Last Updated On 17 July,2018 03:52 pm

اٹک: ( روزنامہ دنیا) سابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ آفتاب بیٹے کے ہمراہ کامرہ میں انتخابی جلسہ میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔

شیخ آفتاب پر فائرنگ کا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا۔ ان سے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی واپس لی گئی تھی۔ شیخ آفتاب این اے 55 اور شیخ سلمان پی پی ون سے (ن) لیگ کے امیدوارہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی۔

ادھر قلعہ عبداﷲ کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار، سابق سینیٹر انجینئر زمرک خان اچکزئی کے مہمان خانے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی کے مرکزی نائب صدر دائود خان اچکزئی زخمی ہو گئے۔

لیویز کے مطابق گزشتہ روز قلعہ عبداﷲ کے علاقے پیرعلی زئی میں نامعلوم مسلح افراد نے اے این پی کے حلقہ پی بی 21 سے امیدوار انجینئر زمرک خان اچکزئی کے مہمان خانے پر اندھادھند فائرنگ کی جس سے وہاں موجود اے این پی کے مرکزی نائب صدر داؤد خان اچکزئی زخمی ہوگئے۔

داؤد خان اچکزئی کو فوری طور پر سول ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کے بازو میں ایک گولی لگی تاہم حالت خطرے سے باہر ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار انجینئر زمرک خان اچکزئی محفوظ رہے۔ لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلا ش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔