لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب لوٹ مار کو تحفظ دو ہے۔ لٹیروں کو جیلوں میں بند کرنا کافی نہیں، ان کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹا مال نکالا جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضے 8 ہزار ارب سے بڑھ گئے، عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت تھی لیکن سابق حکمرانوں نے کمیشن کیلئے موٹرویز، میٹرو بسیں اور اورنج ٹرینیں بنائیں۔ روپے کی بے قدری سے ملکی قرضے اور کرپٹ اشرافیہ کی دولت میں اضافہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی اور دودھ کے گلاس کی قیمت میں بہت تھوڑا فرق رہ گیا ہے۔ لوٹ مار کرنیوالوں کو پروٹوکول دینے کی وجہ سے پاکستان مقروض ترین ملکوں میں سرِفہرست ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کرنیوالے شریف جونیئر کو بھی کٹہرے میں لایا جائے۔