لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی اہلیہ کی نیب میں طلبی کے خلاف درخواست پر چیئرمین نیب سے 10 روز میں جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس کاظم رضا شمسی اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار صائمہ احد چیمہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار صائمہ کے شوہر احد چیمہ کے مبینہ فراڈ سے کوئی تعلق نہیں، نیب بلا جواز ہراساں کر رہا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ابھی تک نیب کی جانب سے کسی قسم کا طلبی کا نوٹس موصول نہیں ہوا، تفتیشی افسر فون کر کے بلا جواز ہراساں کر رہا ہے، اگر نیب کو کوئی دستاویزات چاہیے تو وہ تحریری طور پر آگاہ کرے۔
دور کنی بنچ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب سے 10 روز میں جواب طلب کر لیا۔