لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی، تمام کیسز میں 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف آمدن سے زائداثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت وکیل احد چیمہ کا کہنا تھا کہ تمام اثاثے ڈکلیئرڈ اور ریکارڈ پر ہیں۔ نیب کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر بتایا کہ احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے اہم ریکارڈ ملا ہے اور بہت سی ٹرانزیکشنز ہوئیں، انہوں نے لاہور کار سینٹر کے مالک کو ڈھائی کروڑ روپے دیئے۔
نیب تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم احد چیمہ کے بہنوئی منصور نے بھی گاڑی بک کرائی اور احد چیمہ کے بھائی کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ ڈالرکی ٹرانزیکشن بھی ہوئی۔ نیب کا مزید کہنا تھا کہ احد چیمہ کے اثاثوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے ملزموں کو 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔