لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کیس میں احد چیمہ اور شاہد شفیق سمیت ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو سخت سکیورٹی میں نیب عدالت لایا گیا۔ نیب کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ احد چیمہ نے آشیانہ ہاوسنگ سکیم میں قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کاسا کمپنی کو ٹھیکہ دیا۔ احد چیمہ کے پیراگون کے ندیم ضیا سے تعلقات تھے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ندیم ضیا کہاں ہیں؟ وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ ندیم ضیا کو تفتیش کے لیے بلا رہے لیکن وہ شامل نہیں ہو رہے۔
نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے ایسا ڈیٹا ملا ہے جو کوڈ ورڈ میں ہے جس کی جانچ ایکسپرٹ سے کرانا ہے لہٰذا ملزمان کا مزید ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق سمیت چاروں ملزمان کو مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست ضمانت خارج کر دی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے نے اپنی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔