آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل: 2 افسر وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار

Last Updated On 29 March,2018 05:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ایل ڈی اے کے 2 افسر وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگئے۔ چیف انجینئر اسرار سعید نے انکشاف کیا احد چیمہ کی ہدایات پر کاسا ڈویلپرز کو ٹھیکہ دیا۔

چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور عارف مجید بٹ احتساب عدالت میں پیش ہوئے، نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ دونوں ملزم وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، ان سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں۔ نیب کی جانب سے کہا گیا کہ ملزموں کی جانب سے دیا گیا تحریری بیان ٹرائل شروع ہونے پر پیش کیا جائے گا، وعدہ معاف گواہ بننے پر چئیرمین نیب نے قانون کے تحت انہیں معاف کر دیا۔

ملزم کے وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ نیب کی جانب سے معاف کرنے بعد ملزمون کو ضمانت پر رہا کیا جائے جبکہ عدالت نے کہا کہ قانونی تقاضہ پورا کرنے کے لئے انہیں ہائکورٹ سے ضمانت کروانا پڑے گی۔ ملزمان نے بیان دیا کہ احد چیمہ کے کہنے پر بغیر ٹینڈر ٹھیکے دئیے، احد چیمہ ڈی جی ایل ڈی اے ہونے کے باعث دباؤ میں آئے اور انکار نہیں کر سکے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نیب افس پیش ہو گئے، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ خواجہ سلمان رفیق نیب آفس تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ سوالات کے جوابات دیتے رہے۔