پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت مل گئی لیکن اس کے باوجود وزیراعلیٰ کون بنے گا ؟ اس کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
پرویز خٹک، علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ جنہیں کپتان نے نمبر گیم پورا نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی کی نشستیں نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ سوات سے منتخب ڈاکٹر حیدر علی کو بھی قومی اسمبلی کی نشست رکھنے کا کہا گیا ہے۔
وزارت عالیہ کی اس دوڑ میں اب سابق صوبائی وزیر عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور خان جھگڑا اور اشتیاق ارمڑ کے نام رہ گئے ہیں۔ عاطف خان عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں جن کو محکمہ تعلیم میں تبدیلی کا کام سونپا گیا تھا۔
سابق صوبائی وزیرصحت شہرام ترکئی بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ تیمور خان جھگڑا پی ٹی آئی کے تھنک ٹینک میں رہے ہیں جبکہ اشتیاق ارمڑ کے کریڈٹ پر بلین ٹری سونامی پراجیکٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے قلمدان کے امیدوار اپنی لابنگ میں مصروف ہیں۔ تیمور خان جھگڑا کو اسد عمر گروپ جبکہ اشتیاق ارمڑ کو پرویزخٹک کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب پشاور میں پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا ہے اور یہاں سے 13 ایم پی ایز منتخب کئے ہیں جن کی کوشش ہے کہ وزارت عالیہ کا قلمدان پشاور کے پاس ہی رہے۔