اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پمز ہسپتال میں زیرِ علاج اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کارڈیک سینٹر کے عقبی دروازے سے ہسپتال کے اندر داخل ہوئے، ان کی آمد کے وقت عقبی راستہ کی لائٹیں بند کر دی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں میں ملاقات 15 منٹ تک جاری رہی۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی بات کی۔ ملاقات کے بعد شہباز شریف خاموشی سے واپس چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے ساتھ دو لوگ اور بھی تھے جن کو اوپر نہیں جانے دیا گیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف ان دنوں اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کی اڈیالہ جیل میں اسیری کے دوران طبعیت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔