لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کو وفاق میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ اںصاف کے چیئرمین عمران خان نے پرویز خٹک کو وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کے لیے تیار کر لیا ہے، پرویز خٹک وفاقی وزیرِ داخلہ ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کو وفاق میں ذمہ داریاں ملنے کے بعد خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ کے عہدے کے لیے عاطف خان پہلے نمبر پر ہیں۔
اس حوالے سے جب ایک صحافی نے عاطف خان سے سوال کیا کہ کیا آپ کا نام وزارتِ اعلیٰ کے لیے فائنل ہو چکا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ میں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، میرے لیڈر عمران خان ہیں اور وہی اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلی میں بنوں، پرویز خٹک یا اسد قیصر سب کو قابلِ قبول ہوگا ۔وزارتِ اعلیٰ پر پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔