عمران خان کی طالبات کے تعلیمی ادارے جلانے کی شدید مذمت

Last Updated On 03 August,2018 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چلاس میں طالبات کے تعلیمی ادارے جلائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچیوں کے تعلیمی اداروں کو جلانا انتہائی افسوسناک ہے۔

عمران خان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا اقدام ناقابلِ قبول ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائینگے، نئے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم اور سکولوں کی سیکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ چلاس اور دیامر میں شرپسندوں نے 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی جبکہ بارودی مواد کے دھماکے بھی کیے گئے۔ چلاس شہر میں واقع گرلز سکول رونئی، گرلز سکول تکیہ میں توڑ پھوڑ اور بارودی مواد کے دھماکے کئے گئے جبکہ ہوڈر اور تھور میں واقع گرلز سکول میں علم دشمن عناصر نے آگ لگا دی۔ دیامر کے تحصیل داریل میں گیال گاؤں میں واقع گرلز سکول، تبوڑ میں واقع دو گرلز سکولوں اور کھنبری میں واقع گرلز سکول کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

دیامر کے تحصیل تانگیر میں جگلوٹ، گلی بالا اور گلی پائین میں واقع گرلز سکولوں کو بھی جلایا گیا، سکولوں کو جلانے کے واقعات رات گئے پیش آئے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، پولیس کی جانب سے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔