کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کالی گھٹائیں چھا جانے کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہریوں نے چھٹی کا دن انجوائے کرنے کیلئے ساحل سمندر کا رخ کر لیا۔ دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں گرم موسم کی شدت برقرار ہے۔
بارش چاہے نہ ہو لیکن کالے بادل چھا جائیں تو شہریوں کے موڈ پھول کی طرح کھل جاتے ہیں۔ شہر قائد جہاں کا حسین موسم ہی شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا اور ایسے موسم کو کراچی والے آج ہفتہ وار چھٹی کے دن بھرپور انجوائے کر رہے ہیں۔
کراچی کا موسم سہانا ہوتے ہی شہریوں نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا۔ دو دریا پر شہریوں کا رش امڈ آیا، کسی نے مچھلی کا شکار کیا تو کسی نے فیملیز کیساتھ مختلف کھیلیں کھیل کر جی بہلایا۔ سمندر کے پرستار کہتے ہیں یہاں کے حسین نظاروں کے درمیان پریشانیوں کا احساس ختم ہو جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے،شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہےجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرارہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24، دالبندین اورژوب میں 29، گوادر اور پسنی میں 29، جیونی اور نوکنڈی میں 32، لسبیلہ اور پنجگور میں 28، تربت 30 جبکہ قلات میں 22 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔