لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) رہنما چودھری سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کشمیر کی عالمی حیثیت اجاگر کرے گی۔
چودھری سرور کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا عمل عالمی برادی کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطہ میں امن کا خواب حقیقیت نہیں بن سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لئے روایتی نہیں، جرات مندانہ اقدام کریں گے، بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں لیکن بات چیت کشمیر پر ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد خالصتاً حق خود ارادیت کے اصول پر ہے، بھارتی افواج سے کشمیری عوام کی نفرت مودی سرکار کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔