کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گورنر سندھ کیلئے عمران اسماعیل کا نام فائنل کر لیا ہے۔
گورنر سندھ کے عہدے کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بڑا فیصلہ اٹھاتے ہوئے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خرم شیر زمان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے گورنر سندھ کے لیے عمران اسماعیل کا نام فائنل کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ عام انتخابات میں تحریکِ انصاف کی کامیابی کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی حیثیت سے کام کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو ہٹا دیا جائے گا۔
پنجاب میں اس وقت رفیق رجوانہ اور خیبر پختونخوا میں اقبال ظفر جھگڑا صوبائی گورنر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، ان دونوں رہنماؤں کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔