اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد وفاقی کابینہ کا حجم بھی مختصر رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزرا کی کابینہ تشکیل دیں گے۔
کفایت شعاری و سادگی کے اعلان کے بعد عمران خان نے ایک اور بڑا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، ابتدا میں وفاقی وزرا کی تعداد زیادہ اور وزرائے مملکت کی تعداد کم ہوگی، وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری ہوگی، وفاقی کابینہ میں زیادہ تعداد ارکان قومی اسمبلی کی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، اتحادیوں کو بھی اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے، وزرا کی کارکردگی عمران خان خود مانیٹر کریں گے، وفاقی کابینہ میں بلوچستان، سندھ. خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی۔
ادھر پنجاب میں تحریک انصاف نے نمبر گیم پوری کر لی، ن لیگ اب تک اپنا اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ نہ کر سکی، ن لیگ نے قائد ایوان کے لئے میاں حمزہ شہباز کا نام دیا تھا مگر اب قائد حزب اختلاف کے لیے خواجہ سعد رفیق کا نام سامنے آیا ہے۔