اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نےاسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق کیس میں سروئیر جنرل آف پاکستان اور ممبر ریونیو بورڈ کو مل کر شام تک ریکارڈ مکمل کرنے اور ریونیو ریکارڈ میں کوئی بھی ردوبدل نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔ عدالتی استفسار پر سرویئر جنرل نے بتایا کہ ساڑھے چار کلومیٹر کی حد بندی ہوچکی، دشوار گزار 7 علاقے ہیں مزید کچھ وقت لگے گا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ 22 علاقے بھی ہوں تو کیا ہے ؟ عدالتوں میں کاغذات دیکھنے اور چائے پینے نہیں آتے۔
چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عمران خان بھی جو ریکارڈ دینا چاہتے ہیں دے دیں، ان کے ذمہ اگر کوئی واجبات ہیں تو وہ بھی ادا کریں۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان بولے کہ وزیراعظم لوگوں کے لئے مثال بنیں گے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا مطلب ؟ ابھی تو وہ وزیراعظم نہیں بنے۔