لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے نیا فل بنچ تشکیل دے دیا گیا۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد جمیل خان شامل ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ 27 اگست کو اے کے ڈوگر اور عامر ظہیر مرزا کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نیب کا قانون آٹھارویں ترمیم کے بعد ختم ہو چکا ہے، ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو کہ ختم ہو چکا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کو مردہ قانون کے تحت دی جانے والی سزا غیر قانونی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ نواز شریف اور دیگر کو نیب کے مردہ قانون کے تحت دی گئی سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔