پنجاب اسمبلی: پی ٹی آئی نے دوست مزاری کو ڈپٹی سپیکر نامزد کر دیا

Last Updated On 13 August,2018 09:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کے بعد ڈپٹی سپیکر کے نام کا بھی اعلان کر دیا، جنوبی پنجاب سے سردار دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کے لئے تحریکِ انصاف کے امیدوار ہونگے۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیرِ صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے لئے ڈپٹی سپیکر کے امیدوار کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پی پی 297 راجن پور سے کامیاب ہونے والے دوست محمد مزاری کو تحریکِ انصاف کی قیادت نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے امیدوار کے لئے نامزد کر دیا ہے۔

دوست محمد مزاری کو امیدوار نامزد کر کے تحریکِ انصاف نے جنوبی پنجاب کو ڈپٹی سپیکر کے منصب پر نمائندگی دے دی ہے۔ دوست محمد مزاری اس سے پہلے 2008ء میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

تحریکِ انصاف پہلے ہی سپیکر کے منصب پر اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہیٰ کو نامزد کر چکی ہے، یوں وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا امتزاج بنایا گیا ہے۔