کراچی: (دنیا نیوز) یوم آزادی پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما مزار قائد پر حاضری دیتے رہے تاہم نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنماوں کو مزار میں داخلے کی اجازت نہ ملی۔
نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے مزار میں داخلے سے روک دیا گیا۔ عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، فروس شمیم نقوی، خرم شیر زمان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما دروازے پر کھڑے رہے۔ نامزد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پی پی اراکین مزارقائد میں پروٹوکول کے ساتھ موجود تھے۔ اس صورتحال پر عمران اسماعیل نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی اپنے پروٹوکول کوتبدیل کرے، چالیس گاڑیاں لا کر روڈ بند نہیں کرنا چاہیے۔
جناح کیپ پہن کر آنے والے عمران اسماعیل اور دیگر رہنما داخلے کی اجازت نہ ملنے پر مزار کے گیٹ سے ہی فاتحہ پڑھ کر واپس روانہ ہو گئے۔