اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی کے لئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، گنتی جاری ہے۔ تحریک انصاف کے اسد قیصر اور قاسم سوری نے واضح اکثریت کا دعویٰ کر دیا۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے خورشید شاہ اور اسعد محمود میدان میں ہیں۔
کامیاب سپیکر سے سبکدوش سپیکرحلف لیں گے۔ سپیکر کیلئے تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتوں نے سابق سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے سید خورشید شاہ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ ڈپٹی سپیکر کیلئے تحریک انصاف اور حلیف جماعتوں نے قاسم سوری متحدہ اپوزیشن نے مولانا اسعد محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
تحریک انصاف کو ایم کیوایم، بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، جی ڈی اے، ق لیگ، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں 151 نشستیں ہیں جبکہ ایم کیوایم کی 7، بلوچستان عوامی پارٹی کی 5، بی این پی مینگل کی 4، جی ڈی اے کی 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک ایک نشست ہے۔ 4 میں سے 2 آزاد ارکان نے بھی تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ یوں تحریک انصاف کے مجموعی ووٹوں کی تعداد 177 بنتی ہے۔
دوسری جانب سید خورشید شاہ اور مولانا اسعد محمود کو مسلم لیگ ن کے 81، پیپلزپارٹی کے 53، ایم ایم اے کے 15 اور اے این پی کے ایک رکن کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح اپوزیشن اتحاد کے امیدواروں کو 150 کے قریب ووٹ مل سکتے ہیں۔ ووٹوں میں سے اکثریت حاصل کرنے والا رکن اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو جائے گا۔ اسپیکر ایاز صادق نومنتخب اسپیکر سے حلف لیں گے۔ نیا اسپیکر اپنی نشست سنبھالنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرائے گا۔