اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کیلئے مخصوص ایک نشست کم ملنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بنیادی کلیے کے مطابق ن لیگ کو پنجاب سے خواتین کی چودہ مخصوص نشستیں ملنی تھیں، تاہم الیکشن کمیشن نے خلاف قانون ن لیگ کو پندرہ نشستیں دے دیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن آرٹیکل 51 ذیلی شق تین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔