چودھری پرویز الہٰی 201 ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

Last Updated On 17 August,2018 09:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الہٰی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔ مجموعی طور پر 349 ووٹ کاسٹ کئے گئے، چودھری پرویز الہٰی نے 201 ووٹ جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری اقبال گجر نے 147 ووٹ حاصل کئے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔

سبکدوش ہونے والے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے نومنتخب سپیکر چودھری پرویزالہٰی سے حلف لیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ارکان نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے حق رائے داہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کے دوران تین بار ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے، ووٹ دکھانے پر تحریک انصاف کی ایک خاتون صادقہ صاحب داد خان کا ووٹ کینسل کیا گیا۔ پولنگ مکمل ہونے پر اسپیکر نے اعلان کیا کہ اگر کوئی ممبر رہ گیا ہے تو ووٹ کاسٹ کر لے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کے 176 اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے 10 ارکان تھے۔ مسلم لیگ ن کے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں 162 ارکان موجود تھے۔

خیال رہے پنجاب کی 17 ویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے گزشتہ روز حلف اٹھایا، سپیکر رانا محمد اقبال نے ان سے حلف لیا۔ لیگی ارکان نے سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں سے 354 نو منتخب ارکان نے حلف لیا، چودھری نثار، عظمیٰ قادری اور میاں جلیل سمیت 5 نومنتخب ارکان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی نہ پہنچ سکے، 6 حلقے نشستیں چھوڑنے پر خالی ہو گئے 3 پر الیکشن ہی نہیں ہوا اور الیکشن کمیشن نے 3 حلقوں کے رزلٹ روک رکھے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 176 ممبران نے حلف اٹھایا جن میں 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے 162 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں، 13 اراکین اسمبلی نے تاخیر سے پہنچنے کے باعث بعد میں حلف اٹھایا۔


ادھر تحریکِ اںصاف نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھی میدان مار لیا ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار دوست محمد مزاری 187 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل ن لیگ کے امیدوار وارث کلو کے حصے میں 159 ووٹ آئے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے 348 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے دو مسترد ہوئے۔