عمران خان کو چینی ہم منصب کا فون، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

Last Updated On 20 August,2018 05:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان کو چینی ہم منصب لی کی کیانگ نے ٹیلیفون کر کے انھیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

چینی وزیرِاعظم لی کی کیانگ کا گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست ممالک ہیں، ہم نومنتخب وزیرِاعظم عمران خان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، امید ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری مقررہ مدت میں مکمل ہوگی۔ اس موقع پر چینی وزیرِاعظم نے عمران خان کو دورہ کی دعوت بھی دی۔

عمران خان نے چینی ہم منصب کے نیک جذبات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں، تحریکِ انصاف کی حکومت میں پاک چین اقتصادی شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم غربت، بدعنوانی کے خاتمے اور سماجی اصلاحات سے متعلق چینی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو حکومت کی ترجیح رہے گا۔ ہم باہمی مفادات کے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں چین کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے دورہ چین کی دعوت پر شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کیلئے بے صبری سے منتظر ہیں۔